
پنجاب کے شہر رحیم یار خان میں کورونا وائرس سے 68 سالہ خاتون جاں بحق ہوگئی جس کے بعد صوبے میں ہلاکتوں کی مجموعی تعداد 6 تک جاپہنچی ہے۔
وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ سعودی عرب سے آنے والی 68 سالہ خاتون رحیم یارخان میں زیر علاج تھی جہاں آج وہ انتقال کرگئیں۔
اس سے قبل آج ہی مہلک وائرس سے سندھ میں 2 افراد جان کی بازی ہارگئے جس کے بعد صوبے میں مجموعی طور پر تیسری ہلاکت ہے جبکہ خیبرپختونخوا کے ضلع ایبٹ آباد میں بھی ایک شخص جاں بحق ہوا اور یہ صوبے میں 5 ویں موت ہے۔
اس کے علاوہ آج ایک ہلاکت گلگت بلستان میں بھی ہوئی جہاں محکمہ صحت کا ملازم مہلک وائرس کا شکار بن گیا اور یہ گلگت میں مہلک وائرس سے دوسری موت ہے۔